(ویب ڈیسک ) شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس دوران پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت کی ہدایت پر پنجاب پولیس آئندہ 2 روز گرینڈ آپریشن کرے گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت ایک بار پھر انڈر گراونڈ ہے۔
ذرائع کے مطابق انتشار پھیلانےپر کارکنوں پر نئے مقدمات درج کئے جاہیں گے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک بار پھر 15 اکتوبر پر ڈی چوک پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس کے لیے مرکزی کمیٹی سے لے کر علاقائی سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی تھی۔
تحریک انصاف اعلامیے کے مطابق 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج پوری طاقت سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پر یلغار روکنے کیلئے ریاست کی پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی قیمت پر پاکستان کی عزت کے خلاف اقدامات کی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی دوبارہ 9 مئی کرنا چاہتی ہے بار بار خیبر پختونخوا سے یلغار ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو ہوگا۔