بلاول بھٹو  نے آئینی ترامیم سے متعلق پیپلزپارٹی کا مسودہ عوام سے شیئر کردیا

09:46 PM, 12 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) سابق وزیر خارجہ   بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم سے متعلق   پیپلزپارٹی  کا مسودہ  عوام سے شیئر کردیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری   نے 26ویں آئینی ترمیم کو بہتر بنانے کیلئے عوام سے بھی تجاویز مانگ لیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ  ہم ایک وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی تجویز دیتے ہیں، جس میں تمام وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی ہو، وفاقی آئینی عدالت بنیادی حقوق، آئینی تشریح اور وفاقی و بین الصوبائی تنازعات سے متعلق تمام مسائل کو حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ  ہماری تجویز ہے کہ ججوں کی تقرری کا عمل، جو ججوں کے ذریعے اور ججوں کے لیے ہوتا ہے، ختم کیا جائے،  ججوں کی تقرری عدالتی اور پارلیمانی کمیٹیوں کو ضم کر کے، ہم پارلیمنٹ، عدلیہ اور قانونی برادری کو مساوی کردار دینے کے قائل ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ   پی پی پی نے اپنا مسودہ کچھ مہینے قبل حکومت کے ساتھ شیئر کیا، پی پی پی نے اپنا مسودہ کچھ ہفتے قبل جے یو آئی کے ساتھ اور حال ہی میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں شیئر کیا گیا۔ میں عوام کی جانب سے اس ترمیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے جائز اور معنی خیز تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی اس اہم ترمیم پر سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنوں اور سول سوسائٹی سے اپنی وسیع تر ملک گیر مشاورتی مہم کے سلسلے میں رابطے کررہی ہے، اتفاق رائے کیلئے اس وقت پی پی پی کے آئینی ترامیم سے متعلق اپوزیشن کی سیاسی جماعت جے یو آئی کے ساتھ مفید مذاکرات جاری ہیں۔

 چیئرمین   پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  نے مزید کہا کہ  ہمیں امید ہے کہ ایک مشترکہ مسودہ 26ویں آئینی ترمیم کو پاس کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے وسیع تر اتفاق رائے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

مزیدخبریں