کورونا سے 24 گھنٹوں میں مزید 58 افراد انتقال کرگئے

03:34 PM, 12 Sep, 2021

شازیہ بشیر
اسلام آباد ( پبلک نیوز) ملک میں مسلسل دوسرے روز بھی کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 6 فیصد سے کم رہی، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 58 افراد انتقال کر گئے،3153 نئے مریض سامنے آئے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 5 اعشاریہ چار پانچ فیصد رہی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 57792 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3153 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مثبت کیسز کی شرح 5.45 فیصد رہی جبکہ گزشتہ روز یہ شرح5.50 فیصد تھی۔ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 4 ہزار 520 تک پہنچ چکی۔ مہلک وبا نے ایک روز میں مزید 58 زندگیوں کے چراغ بجھا دیئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار 720 ہو گئی۔ ملک بھر میں اس وقت 91 ہزار 15 افراد کووڈ کے باعث مختلف ہسپتالوں اور گھروں میں زیرعلاج ہیں، 5 ہزار 370 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز 3 ہزار 797 افراد صحتیاب بھی ہوئے، اب تک اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 86 ہزار 785 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا سے بچاو کے لیے ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے اتوار کا دن خصوصی طور پر مقرر کر دیا گیا۔ 15 سے 18 سال کے بچوں کو پیر کے روز سے فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔ بچوں کا فارم ب نمبر لازماً درکار ہوگا۔
مزیدخبریں