الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

04:08 PM, 12 Sep, 2022

احمد علی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خانکو 27 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کا جواب غیرتسلی بخش قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ای سی پی نے عمران خان 27 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اسد عمر اور فواد چوہدری کا جواب بھی غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے اور دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسد عمر اور فواد چوہدری کو بھی 27 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔ قبل ازیں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن میں توہین کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریری جواب جمع کرایا تھا۔ تحریری جواب بیرسٹر گوہر اور فیصل چوہدری ایڈوکیٹ کی جانب سے جمع کرایا گیا، عمران خان نے توہین کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن کےدائرہ اختیار اور نوٹس کو چیلنج کیا تھا۔ عمران خان کا اپنے تحریری جواب میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس آئین کے خلاف ہے عمران خان نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی، عمران خان نے اپنے بیانات میں الیکشن کمیشن کے کردار پر خدشات کا اظہار کیا ، الیکشن کمیشن کے پاس توہین کے مقدمات سننے کا اختیار نہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس بھجوانے کا اختیار نہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جواب میں نوٹسز واپس لینے کی استدعا کی تھی۔
مزیدخبریں