حاضر سروس جج کیخلاف سوشل میڈیا کمپین چلانے پر عمران ریاض سمیت 8 افراد پر مقدمہ درج

10:41 AM, 12 Sep, 2024

(ویب ڈیسک )  ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں ایک حاضر سروس جج کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین چلانے کے الزام میں یوٹیوبر عمران ریاض خان سمیت 8 دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں یہ مقدمہ  حاضر سروس جج کے بھتیجے کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔مقدمے میں  یوٹیوبر عمران ریاض خان کے علاوہ صدیق انجم، مجاہد علی شاہ، سہیل احمد، عمر صادق، مصدق عباسی، طارق سیلم اور اللہ نواز خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں  بلیک میلنگ، خوفزدہ کرنے اور شہرت کو خراب کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مقدمے میں   جج کا نام نہیں ظاہر کیا گیا تاہم ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق یہ جج ہمایوں دلاور ہیں جن کے خیبرپختونخوا کی ایک عدالت نے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔

ہمایوں دلاور وہ جج ہیں جنہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ سے  حاصل کیے گئے تحائف کو اپنے اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے پر سزا سنائی تھی۔اس عدالتی فیصلے کے بعد  ہی بانی پی ٹی آئی گزشتہ برس اگست میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں