فوربز کی فہرست میں پاکستانی شیف زہرہ خان بھی شامل

09:28 AM, 13 Apr, 2021

حسان عبداللہ

فوربز میگزین نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد شیف زہرہ خان کو دنیا کے سب سے زیادہ بااثر کاروباری افراد میں نامزد کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والی زہرہ خان نے فوربز 30 انڈر 30 کی کیٹیگری میں یورپ کی ریٹیل اور ای کامرس کی فہرست میں جگہ بنالی ہے۔

زہرہ نے مشہور شخصیات کے شیف گورڈن رمسی کی پاک اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد نائٹس برج اور آکسفورڈ اسٹریٹ کے علاقوں میں مشہور ہیروڈس اور سیلفریجز ریٹیلز اسٹور کے قریب فیا اور ڈائس کیفے قائم کیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں زہرہ نے کہا کہ 13 سال کی عمر میں مجھے سائنسی علوم کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے کہا گیا تھا اس دور میں بیکنگ کو قابل اعتبار کیریئر نہیں سمجھا جاتا تھا۔ مجھے بار بار بتایا گیا کہ خواتین گھریلو کام ہی کر سکتی ہیں، پاکستان میں جہاں میں پیدا ہوئی ہوں، ثقافتی اور مذہبی رکاوٹوں کی وجہ سے خواتین تاریخی طور پر پسماندگی کا شکار ہیں، جس کی وجہ صنفی امتیاز، بے روزگاری اور ذہنی صحت جیسے مسائل ہیں۔

زہرہ نے بتایا کہ کہ انہوں نے اس وقت وسطی لندن میں فیا کیفے کی بنیاد رکھی جب وہ ماں بنی تھیں، یہ بہت مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کاروبار کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور ٹیم کا سائز 5 سے 30 تک بڑھا دیا، بغیر کسی باضابطہ لسٹنگ کے مجھے برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، کویت، کینیڈا جیسے ممالک سے 100 کے قریب فرنچائز کھولنے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

کورونا وباء کے دوران زہرہ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی تفریق کم کرنے کے لئے ایک مہم بھی شروع کی۔ انہوں نے اپنی ہر پروڈکٹ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک پیغام دیا۔

زہرہ کے مطابق فیا 2021 میں نئی ریٹیل آؤٹ لیٹس کھولنے جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا میں فیا کے ریٹیل نیٹ ورک کو بڑھانے اور فرنچائز معاہدوں کے ذریعہ برطانیہ سے باہر مزید 25 سائٹوں پر کیفے کھولوں گی۔ انہوں نے کہا 2025 تک میں توقع کر رہی ہوں کہ خواتین کے لئے 400 ملازمتوں کے مواقع پیدا کر سکوں،۔

فوربز کے مطابق اس فہرست کو مرتب کرنے کے لیے صنعت کے ماہرین اور انڈر 30 کاروباری افراد پر مشتمل ہزاروں نامزدگیوں اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ فائنلسٹ کا انتخاب ججنگ پینل کی مدد سے کیا گیا تھا جس میں روسی ای کامرس ارب پتی تاتیانا باکالچک، وائلڈ بیریز کے بانی، فرانسیسی جیولری انٹرپرینیور والری میسیکا، اور ڈنمارک واچ میکر نورڈگرین کے بانی اور سی ای او پاسکر سیوام شامل تھے۔

مزیدخبریں