یورپی پارلیمنٹ نے امیگریشن قوانین سے متعلق نئی اصلاحات منظور کرلیں

06:57 PM, 13 Apr, 2024

ویب ڈیسک: یورپی پارلیمنٹ نے امیگریشن اور سیاسی پناہ کے قوانین سخت کرنے کی اصلاحات منظور کرلیں۔ ان اصلاحات کے ذریعے یورپی یونین میں تارکین وطن کے قوانین کو سخت کیا جائے گا۔

ان اصلاحات کے مطابق قوانین کو تبدیل کیا جائے گا اور اس پر مبنی قانون کو ڈبلن ریگولیشن کا نام دیا جائے گا اور رکن ممالک کے درمیان معاہدہ طے پائے گا۔

یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان اسائلم اینڈ مائیگریشن معاہدہ آئندہ 2 سال میں نافذ العمل ہوگا۔

نئے قوانین کے تحت یورپی ممالک اپنی سرحدوں میں آنے والے پناہ گزینوں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کریں گے۔

27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین کی جانب سے تارکین وطن کی پناہ کی درخواستوں کو 12 ہفتوں میں نمٹایا جائے گا۔ درخواستیں مسترد ہونے پر تارکین وطن کو فوراً ان کے ملک واپس بھیج دیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت یورپی یونین میں شامل ممالک پناہ گزینوں کی ذمہ داری مشترکہ طور پر اٹھائیں گے۔

یورپی پارلیمنٹ کی صدر Roberta Metsola نے کہا کہ ہم نے ٹھوس قانونی فریم ورک تیار کیا ہے تاکہ یورپی یونین میں سیاسی پناہ اور امیگریشن کے معاملات طے کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک پر 10 سال سے زائد عرصے سے کام کیا جا رہا تھا۔

خیال رہے کہ جون میں یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات ہورہے ہیں اور ان انتخابات میں پناہ گزینوں کا موضوع اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں