پبلک نیوز ہیڈلائنز، صبح 9 بجے، 13 اگست 2021
09:33 AM, 13 Aug, 2021
پاکستان میں کورونا کے وار جاری، مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ سات چھ فیصد رہی،24 گھنٹوں کے دوران4 ہزار 619 نئے کیس رپورٹ، مہلک وائرس نے مزید 79 زندگیاں نگل لیں، اموات کی مجموعی تعداد24 ہزار266 تک جاپہنچی، 86 ہزار236 مریض زیرعلاج،4ہزار656 کی حالت تشویش ناک ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، ایک دہشت گرد ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار، فائرنگ کے تبادلے میں نائیک ضیاءالدین شہید،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی چوکی کےقریب3 سے 4 دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا سراغ لگایا گیا، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری، دوسرے بڑے شہر قندھار کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا، طالبان نے غزنی کے بعدہرات کے صدر مقام پر بھی قبضہ کرلیا، ایک ہفتے کے دوران طالبان نے 12 صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول سنبھال لیا،دوسری جانب امریکا اور برطانیہ کا اپنے سفارت کاروں اورشہریوں کی واپسی کےلئےفوجی دستے افغانستان بھجوانے کا اعلان۔ داسوڈیم حملے کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کی گئی،تخریب کاری میں این ڈی ایس اور را کا گٹھ جوڑ دکھائی دے رہا ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں واقعے کے ہینڈلرز کی تہہ تک پہنچ چکے، حملہ آوروں کا پہلا ہدف بھاشا ڈیم تھا، کہا اب تک کی تحقیقات سے چین مطمئن نظر آیا ہے، ملک دشمن عناصر کو پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور معاشی تعاون ہضم نہیں ہورہا۔ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں افغانستان کے معاملے میں مداخلت نہیں کر رہے، صرف امن کی حمایت کریں گے، کہا افغان فوجیوں کو امریکیوں نے تربیت دی، امریکا نے افغان جنگ میں اربوں ڈالر لگائے تو اس میں پاکستان کا کیا قصور؟ ہمیں سرحدپر باڑلگانی تھی وہ ہم نے لگادی، بولے 2009 میں بھی کہا تھا کہ افغان مسئلے کا حل فوجی طاقت نہیں۔