الیکشن کمیشن کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا جائزہ لینے کا فیصلہ
05:09 PM, 13 Aug, 2021
اسلام آباد (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کرنے کی دعوت قبول کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ اس دعوت کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبول کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو اس حوالے سے تصدیقی خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای سی پی کے مطابق وزارت اطلاعات ونشریات سے ای وی ایم کا جائزہ لینے کے لیے موصول ہونے والی درخواست ہوئی۔ دونوں درخواستوں کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے 17 اگست صبح 11 بجے ای وی ایم کا ڈیمو لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا جائزہ لے چکے ہیں۔