ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان سے تمام ریکارڈ طلب
11:04 AM, 13 Aug, 2022
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے پارٹی کو فنڈ دینے والی تمام بین الاقوامی، قومی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف اور سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک کی وصول کی گئی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ان تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، کاروباری اداروں اور شخصیات کا ریکارڈ فراہم کریں جنہوں نے پارٹی کی مدد کی. نیز مختلف ممالک کی کمپنیوں اور کاروباری اداروں سے وصول رقم کی الگ الگ تفصیلات فراہم کی جائیں. ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی 1996 سے اب تک کی تمام تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے. اس کے ساتھ پی ٹی آئی کی رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں اور ٹرسٹ کا بھی ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اکاؤنٹس کھولے جانے سے لے کر اب تک کی سالانہ اسٹیٹمنٹ فراہم کی جائے۔ پارٹی کے تمام عہدیداروں کے شناختی کارڈ نمبرز اور ان کی فہرست بھی فراہم کی جائیں جن کو پارٹی اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کی اجازت تھی. اب تک پارٹی کے مالی امور دیکھنے والے بورڈ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور جنرل سیکرٹری کو ایف آئی اے کی جانب سے تمام ریکارڈ 15 دن کے اندر اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔