شہباز گل کے ڈرائیور کے برادر نسبتی نعمان مقدمے سے بری
01:03 PM, 13 Aug, 2022
اسلام آباد: اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے گرفتار ملزم نعمان کو مقدمے سے بری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کے برادر نسبتی نعمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے پولیس کی شہباز گل کے ڈرائیور کے برادر نسبتی کو جیل بھیجنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔پولیس نے ملزم سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل کرنے کی استدعا کی جبکہ پی ٹی آئی وکیل نیاز اللہ نیازی نے ملزم کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی تھی ۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مدعی اہلکار کا بیان بھی ریکارڈ نہیں کیا گیا نا ملزم کا کوئی خاص کردار ثابت ہوا ، اگر مستقبل میں شواہد مل جائیں تو عدالت کی اجازت سے ملزم کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ پولیس نے نعمان کو بہن سمیت ریڈ کرنے والی ٹیم سے مزاحمت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔