ویب ڈیسک: پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر آج رات پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی نائٹ پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان کی 77 ویں سالگرہ پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شاندارآزادی پریڈ کا اہتمام کیا جا رہا ہے، آزادی پریڈ کا اہتمام 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب کیا جائے گا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر آزادی پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ پیش کریں گے، اس موقع پر سرزمین پاکستان اور مادرِ وطن کے شہدا کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
یہ تقریب اس حقیقت کا والہانہ اظہار ہو گا کہ پاکستانی قوم ایک زندہ دل قوم ہے جو اپنی آزادی کا جشن بھرپور اور پرجوش انداز میں مناتی ہے، جشن آزادی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ :پاکستان ہے تو ہم سب ہیں“۔