ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ اور تاوان کے لیے اغوا کرنے کے کیس میں مرکزی ملزم حسن شاہ اور رفیق کی شناخت پریڈ مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج عرفان حیدر نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے کیس کی سماعت کی۔
مرکزی ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل نہ ہو سکا تاہم عدالت نے دونوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان کی شناخت پریڈ 19 اگست تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
تفتیش افسر نے بتایا کہ ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ نے مل کر خلیل الرحمان قمر کو اغوا کیا، ملزمہ نے خلیل الرحمان کی جانب سے بلیک میل کرنے کا حسن شاہ کو بتایا، حسن شاہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خلیل الرحمان کو اغوا کیا اور ایک کروڑ تاوان مانگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کے بعد مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور بعد ازاں ان کی نامناسب ویڈیوز بھی لیک ہوئی تھیں۔
پولیس نے انہیں اغوا اور تشدد کا نشانہ بنانے والی لڑکی سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا اور ان کا ریمانڈ بھی لیا تھا۔