نوید اکرم چیمہ کو قومی کرکٹ ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا فیصلہ

11:50 AM, 13 Aug, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے نوید اکرم چیمہ کو قومی کرکٹ ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کو دوبارہ کرکٹ ٹیم کا منیجر بنایا جائے گا۔ اس سے قبل ٹی 20ورلڈ کپ تک وہاب ریاض کو سینئر منیجر اور منصور رانا کو منیجر کا عہدہ دیا گیا تھا، تاہم پی سی بی انتظامیہ دونوں کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہوسکی۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر منصور رانا سمیت ہٹا دیا گیا تھا۔ نوید اکرم چیمہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم منیجر کے عہدے پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں جنہیں دوبارہ منیجر مقرر کیا جائے گا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا اعلان ایک دو روز میں ہوگا۔ وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو گزشتہ ماہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے بھی فارغ کردیا گیا تھا، ان کے ساتھ ٹیم منیجر منصور رانا بھی عہدے سے ہٹا دئیے گئے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بیرونِ ملک ٹورز کے دوران نظم و ضبط کا فقدان پایا گیا اور شکایات کی تصدیق کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیوں کے فیصلے ہوئے۔ بطور ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں