مریم نواز شریف کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
05:17 AM, 13 Dec, 2021
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کے موقع پر نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ خیال رہے کہ جنید صفدر کا ولیمہ 17 دسمبر کو ہوگا لیکن اس سے قبل ہی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ گذشتہ روز اس سلسلے میں دو تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ جنید صفدر نے اس تقریب میں سفید شلوار قمیض، نیلی واسکٹ اور سفید شال زیب تن کی ہوئی تھی جبکہ ان کی اہلیہ عائشہ سیف نے پیسٹل رنگ کا عروسی جوڑا پہنا تھا جبکہ مریم نواز بھی اس موقع پر خوبصورت لباس میں نظر آئیں۔ اسی تقریب میں مریم نواز نے دوبارہ اپنی آواز کا جادو جگایا اور اپنے صاحبزادے کی شادی کی خوشی میں روایتی گیت گا کر سب کو محظوظ کیا۔ ایک اور تقریب کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، ان میں مریم نواز، اپنے کزن حمزہ شہباز، صاحبزادے جنید صفدر اور خاوند کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ہمراہ نظر آ رہی ہیں۔ مریم نواز نے اس پرمسرت مواقع کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنے صاحبزادے کی شادی کو زندگی کے خوشگوار ترین لمحات قرار دیا ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ مریم نواز شریف نے ان تقریبات کے سلسلے میں اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کی ہوئی ہیں۔