ممبئی: کورونا کا خطرہ کم ضرور ہوا ہے لیکن ٹلا نہیں ہے۔ انفیکشن کی دوسری لہر کا سب سے برا اثر بھارتی ریاست مہاراشٹر امیں دیکھا گیا، جو اب تک جاری ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق اداکارہ کرینہ کپور خان اور امریتا اروڑا کا کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔
ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، کرینہ کپور اور امریتا اروڑا کے سپر اسپریڈرز ہونے کا بھی امکان ہے۔ یہ دونوں بہت اچھی دوست ہیں اور وہ دونوں بالی ووڈ کے کئی ستاروں سے مسلسل ملتی رہتی ہیں. اس کے علاوہ دونوں اداکاراؤں نے گزشتہ چند دنوں میں بالی ووڈ کی کئی پارٹیوں میں شرکت کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام نے ان دونوں اداکارائوں کے رابطوں کا پتہ لگانا شروع کر دیا ہے۔ آج ان کے رابطوں سے کچھ اور مشہور شخصیات کی کورونا رپورٹس آ سکتی ہیں۔ دونوں اداکاراؤں کے مثبت پائے جانے کے بعد بالی ووڈ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ حکام نے لوگوں کے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں جو ان دونوں کے رابطے میں آئے تھے۔ اس کے ساتھ ان لوگوں کی تفصیلات اور ان کی ٹریسنگ کی جارہی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ کرینہ کپور اور امریتا اروڑا کے علاوہ کرشمہ کپور، ملائکہ اروڑا اکثر پارٹیوں میں ایک ساتھ نظر آتی ہیں۔ ایسے میں بالی ووڈ کے دیگر ستارے جو ان کے رابطے میں آئے ان کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کرینہ کپور جلد ہی 'لال سنگھ چڈھا' میں نظر آئیں گی جس میں عامر خان ان کے ساتھی اداکار ہوں گے۔ یہ فلم اپریل 2022 میں سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔