'سڑکوں کا جال بچھائے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا'

10:43 AM, 13 Dec, 2022

احمد علی
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سڑکوں کا جال بچھائے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کی بنیاد رکھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سکھرحیدرآباد موٹروے ایم 6 کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پروفاقی وزراء مریم اورنگزیب،احسن اقبال، اسعد محمود، خورشید شاہ، امین الحق کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورعمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ ہماری مخلوط حکومت اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ رہی ہے ، اس سے سکھر،کراچی اورحیدرآباد سمیت پورے ملک کے عوام کو فائدہ ہوگا اور اس کی تکمیل سے شمال سے جنوب موٹروے مکمل ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ 30 ماہ کی قلیل مد ت میں مکمل کیا جائے گا اور306 کلومیٹر طویل اس شاہراہ پر307 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں حکومت صرف 9 ارب روپے جبکہ باقی فنڈنجی شعبہ فراہم کرے گا جو اس شاہراہ کی تکمیل پر اپنی لاگت پوری کرنے کے علاوہ منافع بھی کمائے گا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس موٹروے کا وہی معیا ر ہونا چاہئے جو موٹروے کے باقی سیکشنز کا ہے ، اس سے کم معیار قبول نہیں کیا جائے گا، اس کےلئے تمام متعلقہ وزراء اورادارے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں اور مشترکہ کاوشوں سے اس منصوبے کا معیار اور مقرر مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ملک کے باقی حصوں میں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مزید منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی طرف سے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کو فروغ دینے کو سراہا۔وزیراعظم نے بلوچستان، پنجاب اور دیگرصوبوں اورحکومتوں پر بھی زوردیا کہ وہ اس ماڈل کو فروغ دیں کیونکہ اسی سے ترقی اورخوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کے مطالبے پر سکھر روہڑی پل مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا، اس منصوبے کی سابق وزیراعظم نواز شریف نے منظوری دی تھی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی صحت یابی کےلئے نیک تمنائوں کا اظہارکیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موٹرویز کی بنیاد نوازشریف نے رکھی ، وہ اس کے معمار ہیں ۔ وزیراعظم نے بلوچستان سے اپ کنٹری کنٹیکویٹی پر تیزی سے کام کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اوراس کی ترقی کے بغیرپاکستان کی ترقی نامکمل ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ میری ہدایت پرگوادر کی بندرگار کو آپریشنل کرنے کےلئے گندم گوادر سے منگوائی جارہی ہے کیونکہ ہم نے پسماندہ رہ جانے والے علاقوں کو ترقی دینی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان لینڈفریٹ کی لاگت بڑھنے سمیت مختلف قسم کے عذر پیش کئے گئے لیکن ہم نے گندم کی سب سے کم بولی دینے والوں سے بھی قیمت مزید کم کرا کے نہ صرف چند ارب روپے مزید بچائے بلکہ گوادر کے ذریعے گندم منگوانے سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو بھی فائدہ ہورہا ہے کیونکہ اگرپسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل نہ کیا تو قائد کے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ موٹرویز کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، تمام متعلقہ ادارے معیاری تعمیر کو یقینی بنائیں۔ شہباز شریف نے دادو، قمبر، شہداد کوٹ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کےلئے بہترین کام کرنے پر صوبائی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی بہت سا کام کرنا باقی ہے، لاکھوں لوگ بے سرو سامان ہیں اور بہت مشکلات اورچیلنجز درپیش ہیں، اپنے مشکلات میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کےلئے جو کچھ بس میں ہوگا کریں گے، اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے جلد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور اس یقین کا اظہارکیا کہ حکومت اللہ تعالیٰ کے کرم سے ملک کو درپیش چیلنجز اورمشکلات سے نکال کرترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرے گی۔
مزیدخبریں