سینیٹ الیکشن کیلئے تحریک انصاف حتمی نام سامنے لے آئی

12:30 PM, 13 Feb, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد (پبلک نیوز) حزبِ اقتدار کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ایوانِ بالا انتخابات ( سینیٹ الیکشن) کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں سینیٹ امیدواروں کے نام فائنل کیے گئے۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے ساتھ حتمی ناموں کا اعلان کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے سیف اللہ نیازی، اعجاز چودھری، عون عباس، علی ظفر اور ڈاکٹر زرقا پنجاب سے، فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو سندھ سے، شبلی فراز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم، نجیب اللہ خٹک، دوست محمد اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند خیبرپختونخوا سے امیدوار ہوں گے۔

خیبرپختونخوا ہی سے ثانیہ نشتر، فلک ناز چترالی اور گوردیپ سنگھ بھی حکمران جماعت کے امیدوار ہوں گے، جبکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد اسلام آباد سے امیدوار قرار پائے ہیں۔ بلوچستان سے عبدالقادر کو سینیٹ الیکشن میں امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بابر اعوان، شہزاد اکبر، عامر مغل اور سجاد طوری کو سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ 3 مارچ کو الیکشن بالا کے انتخابات ہوں گے جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کے لیے 15 فروری کی آخری تاریخ دی گئی ہے۔

مزیدخبریں