کیا بشریٰ بی بی بنی گالہ چھوڑ کر لاہور میں مقیم ہیں؟

10:40 AM, 13 Feb, 2022

احمد علی
سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی روز سے افواہیں سرگرم تھیں کہ خاتون اول بشری بی بی کی وزیراعظم عمران خان سے ناراضگی چل رہی ہے اور وہ بنی گالہ کی بجائے لاہور میں مقیم ہیں . سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی لاہور میں اپنی سہیلی کے گھر مقیم ہیں. سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خاتون اول کی قریبی ساتھی فرح خان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ پر مبنی واٹس اپ میسیج کے ذریعے وزیراعظم اور خاتون اول کے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ خاتون اول میرے گھر قطعا قیام پذیر نہیں اور بنی گالا اسلام آباد میں موجود ہیں۔ سیاست میں اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے کہ لوگوں کی ذاتی زندگیوں پر جھوٹ بولے جائیں. دوسری جانب ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ان خبروں کی تردید کی ، ان کا کہنا تھا کہ پورے ایک سال میں خاتون اوّل صرف ایک ہفتےکے لئے لاہور تشریف لے کر گئیں۔ پچھلے چند مہینوں سے وہ لاہور تشریف نہیں لے کر گئیں اور اسلام آباد میں تشریف فرما ہیں۔ سیاست اور صحافت کریں لیکن اہلخانہ جو سیاست میں موجود ہی نہیں ان کے بار جھوٹی جعلی خبریں دیں گے تو عدالت لے کر جائیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور خاتون اوّل بشری عمران خان کے بارے گھٹیا اور من گھڑت خبریں دینے پر پہلے ہی نجم سیٹھی کے خلاف ہم عدالت میں ہیں۔ابھی بھی جو لوگ خاتون اوّل کے بارے جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔خاتون اوّل اور وزیراعظم دونوں اسلام آباد میں موجود ہیں
مزیدخبریں