افریقا کی 85 فیصد آبادی تاحال کورونا ویکسی نیشن سے محروم
08:10 AM, 13 Jan, 2022
جنیوا: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ 85 فیصد سے زیادہ افریقی آبادی کو عالمی وبا کورونا سے بچائو کی ویکسین نہیں لگائی گئی ہے۔ چینی ریڈیو کے مطابق کووڈ-19 کی وبا کے بارے میں رسمی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں کووڈ-19 کی ویکسی نیشن کے منصوبےکے مطابق ویکسین کی کل خوراکیں 1 بلین تک پہنچ جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال ویکسین کی فراہمی میں درپیش کچھ رکاوٹیں بتدریج کم ہو رہی ہیں، لیکن اس سال کے وسط تک تمام ممالک کی 70 فیصد آبادی کو کووڈ-19 کی ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرنے سے پہلے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کے 90 ممالک اور خطوں میں ویکسی نیشن کی شرح 40 فیصد تک نہیں پہنچی ہے اور 36 ممالک اور خطوں میں ویکسی نیشن کی شرح 10 فیصد سے کم ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے کووڈ-19 کی مزید ویکسین تیار کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے کورونا ویکسین کی تیاری کے حوالے سے گذشتہ سال ستمبر میں قائم کئے گئے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے ویرینٹ اومیکرون اور مستقبل میں نئے آنے والے دیگر ویرینٹس کے خلاف موجودہ ویکسینز کی مسلسل افادیت کو یقینی بنانے کے لئے انہیں اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے ماہرین نے بیان میں اومیکرون کے پھیلائو میں تیزی کے باعث عالمی سطح پر ویکسین کی فوری اور وسیع بنیادوں پر رسائی پر زور دیا ہے۔ گروپ کے ماہرین نے کہا ہے کہ انفیکشن سے تحفظ، منتقلی کو روکنے، شدید بیماری اور ہلاکت کی روک تھام کے لئے زیادہ موثر ویکسین کی ضرورت ہے اور انہیں تیار کیا جانا چاہیے جبکہ ویکسینز کے گردش کرنے والے مختلف ویرینٹس کو جنیاتی اور اینٹی جینیاتی طور پر دبائو پر مبنی بنانے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک کہ ایسی ویکسینز دستیاب نہیں ہو جاتیں موجودہ کورونا ویکسینز کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاکہ کورونا ویکسین عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ سطح کو انفیکشن کے خلاف تحفظ فراہم کرتی رہے۔