بالی ووڈ اداکار اہلیہ سمیت کار حادثے کا شکار

11:40 AM, 13 Jan, 2022

احمد علی

ممبئی: بالی ووڈ فلم ’’ ایڈونچرز آف ٹارزن‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ہیمنت برجی اور ان کی اہلیہ کار حادثے کا شکار ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کی رات دونوں میاں بیوی اپنی بیٹی کے ہمراہ جارہے تھے جب ان کی کار پونے کے قریب پونے ممبئی ایکسپریس وے پر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ رات 8 بجے پیش آیا جب 56 سالہ اداکار ہیمنت برجی اپنی الیہ امانا اور بیٹی ریشما ممبئی سے پونے اپنی رشتے داروں کے یہاں جارہے تھے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ اداکار ان کی بیوی حادثے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں جب کہ ان کی بیٹی محفوظ رہی۔ ایکسیڈنٹ کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

واضح رہے کہ اداکار ہیمنت برجی نے 1985 میں فلم ’’ ایڈونچرز آف ٹارزن‘‘سے ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ کئی فلموں میں نظر آئے جن میں ’’آج کے انگارے‘‘، ’’ویرانہ‘‘،’’کمانڈو‘‘،’’قبرستان‘‘، ’’مار دھاڑ‘‘، ’’جنگلی ٹارزن‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ اداکار ہیمنت برجی ہندی کے علاوہ ملیالم اور تیلگو فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔

مزیدخبریں