اسحاق ڈار کی وطن واپسی کب ہوگی؟ نئی اپ ڈیٹ جاری

04:26 AM, 13 Jul, 2022

احمد علی
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ وہ رواں ماہ جولائی کے آخر میں وطن واپس پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں‌کریں‌گے. ان کو مہنگائی کے دلدل سے نکالیں‌گے. ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا وطن واپسی کا پروگرام کینسل نہیں ہوا۔ میں نے پاکستان روانگی کیلئے رواں ماہ جولائی کے آخر میں شیڈول بنایا ہے۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی کی راہ میں کچھ قانونی پیچیدگیاں حائل ہیں۔ لیگی قائد نواز شریف نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیلئے حالات کو سازگار بنایا جائے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی پاکستان میں موجود قیادت نے اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ مہینے اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ وہ اپنے قائد میاں نواز شریف کی رضامندی اور ہدایات پر پاکستان واپس آ رہے ہیں۔ ان کو ڈاکٹروں نے سفر کی اجازت بھی دیدی ہے۔ گذشتہ دنوں ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن میں تقسیم کی باتیں بالکل بے بنیاد ہیں۔ ہماری جماعت پہلے بھی میاں نواز شریف کی قیادت اور میاں شہباز شریف کی صدارت میں متحد تھی اور آگے بھی ہمیشہ متحد رہے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ اقتصادی ٹیم پر حکومت کی تشکیل کے صرف 3 ماہ بعد تنقید کرنے والے یہ مت بھولیں کہ عمران خان کی نا اہل حکومت معیشت کو تباہ کرکے ملک کو کن مشکل چیلنجز میں جھونک کر گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ میں مہنگائی 4 فیصد، جی ڈی پی 6 فیصد، شرح سود 5 اعشاریہ 25 فیصد، جنوبی ایشیا کی مستحکم ترین کرنسی اور سب سے بہترین کارکردگی والا اسٹاک ایکسچینج تھا۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ اس سب کی بنیاد پر پاکستان کو مستقبل کی 18ویں بڑی معیشت کا عندیہ ملا۔ ان تمام کامیابیوں کو عمران خان نے 43 مہینوں میں نیست و نابود کر دیا۔ مگر قوم یقین رکھے کہ جیسے مسلم لیگ ن نے پہلے ملک کو مشکل ترین حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا اس بار بھی ان شاء اللہ قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
مزیدخبریں