اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ انتقال کر گئیں
11:18 AM, 13 Jul, 2022
پاکستان کے سینیر اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ اور ماضی کی ممتاز گلوکارہ بلبل مہران روبینہ قریشی کراچی میں انتقال کر گئیں۔ گلوکارہ روبینہ قریشی کے انتقال کی تصدیق اُن کے اہلِ خانہ کی جانب سے کی گئی، عصر کی نماز کے بعد اُن کی نمازِ جنازہ کی ادائگی عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار پر ہوگی اور تدفین بھی وہیں ہوگی۔ ان کی عمر 81 سال تھی اور وہ ایک طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ کا اصل نام عائشہ قریشی تھا، 1940ء میں حیدرآباد میں پیدا ہوئیں، انہوں نے سندھی کے علاوہ اردو، پنجابی اور سرائیکی گیت بھی گائے۔ روبینہ قریشی نے سندھ یونیورسٹی سے مسلم ہسٹری میں ماسٹرز کیا تھا۔ اداکار مصطفیٰ قریشی سے شادی کے بعد روبینہ قریشی 1970ء میں لاہور منتقل ہو گئیں۔