ویب ڈیسک : امریکا کے معروف اخبار نیو یارک ٹائمز نے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتہائی خطرناک اور صدر کے منصب کے لیے غیر موزوں قرار دیا ہے۔
اداریے میں اخبار نے لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے الفاظ، افعال اور اقدامات کے آئینے میں انتہائی خطرناک دکھائی دیتے ہیں۔ امریکی صدر کا منصب بہت اہم ہے۔ اس منصب پر فائز شخص کو عالمی امور کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ یہ منصب کسی غیر موزوں شخص کو نہیں دیا جاسکتا۔
ایڈیٹوریل میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر بنے تو غیرقانونی تارکین وطن کی ملک بدری میں دس گنا اضافہ کردیں گے۔ غیرقانونی تارکین وطن کی گرفتاری کے لیے فوج اور نیشنل گارڈز کے اہلکار تعینات کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
امریکا کے سابق صدر کہتے رہے ہیں کہ وہ چند مسلم ممالک کے لوگوں کا امریکا میں داخلہ بند کردیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کے بچوں کی شہریت پر پابندی بھی لگادی جائے گی۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ نے عہد کیا ہے کہ وہ صدر بائیڈن اور دیگر سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات بھی شروع کروائیں گے۔ وائٹ ہاوس میں واپسی پر حکومتی طاقت کا توازن صدر کے حق میں کردیا جائے گا۔
ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں امریکا اور چین کے درمیان ٹریڈ ٹیرف کے معاملے میں ٹھن گئی تھی۔ ٹرمپ نے پھر کہا ہے کہ وہ صدر منتخب ہوئے تو چین پر پابندیاں لگائیں گے۔ اخبار کے مطابق ٹرمپ نے نیٹو کو کمزور کرتے ہوئے یوکرین جنگ ختم کرانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔