اب بارشیں کب ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

12:33 PM, 13 Jul, 2024

ویب ڈیسک: ملک بھر میں بارشیں ہو بھی رہی ہیں اور مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ماحول کے مجموعی تجزیے کی بنیاد پر بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے ساحلی اضلاع میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ کراچی میں تین دن سے مطلع مکمل طور پر ابر آلود ہے۔ 2 دن سے یہ کیفیت ہے کہ بارش اب ہوئی کہ تب ہوئی۔ بوندا باندی اور ہلکی بارش تو ہو رہی ہے تاہم بادل کُھل کر نہیں برس رہیے۔

بلوچستان اور پنجاب میں بارشوں نے اچھی خاصی تباہی مچائی ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز ریکارڈ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔

لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے شہریوں کی جان پر بن آئی ہے۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے آمد و رفت میں دشواری کا سامنا ہے۔صنعتی و تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ شہر کے بہت سے علاقوں میں لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔

ہارون آباد/ بارش

ہارون آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے بجلی کی فراہمی معطل  ہوگئی جبکہ یتیم والا۔شہید چوک۔مبارک آباد اور فقیروالی میں بھی بارش  برسی۔

زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے ساتھ اس تیز بارش سے کپاس کی فصل متاثر ہو سکتی ہے۔

لودھراں/ بارش

لودھراں اور گردونواح میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا،مرجھائے چہروں کھل اُٹھے جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی  بھی معطل  ہوگئی ہے۔

بہاولپور/ بارش

بہاولپوراور گردونواح میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش سےمتعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے بجلی کی فراہمی معطل  ہوگئی،نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔

کراچی کا موسم

کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارشوں کے امکان کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔ کراچی میں سیلابی کیفیت کا خطرہ ہے کیونکہ برساتی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی۔ ان نالوں میں کچرا بھرا ہوا ہے۔ موسلا دھار بارش کی صورت میں یہ نالے ذرا سی دیر میں بھر جائیں گے اور سڑکیں ڈوب جائیں گی۔

مزیدخبریں