جسٹس محمد شفیع صدیقی نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کےعہدےکاحلف اُٹھالیا

03:51 PM, 13 Jul, 2024

ویب ڈیسک:جسٹس محمد شفیع صدیقی نے 27ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس شفیع صدیقی سے عہدے کا حلف لیا۔

تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا،تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی شریک تھے، حلف برداری کی تقریب میں سندھ ہائی کورٹ کے ججز بھی موجود تھے جبکہ حلف برداری کی تقریب میں وکلا تنظیموں کے عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں وکلا شریک تھے،تقریب حلف برداری میں جسٹس محمد شفیع صدیقی کی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تقرری کا نوٹیفیکیشن بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

 جسٹس محمد شفیع صدیقی نے 27 ویں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے طور پر فرائض انجام دینگے،سپریم جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کو بطور مستقل چیف جسٹس کی منظوری دے دی تھی۔

27ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کون ہیں؟

جسٹس محمد شفیع صدیقی 12 اگست 1965 کو پیدا ہوئے، انہوں نے بی ایس سی کے بعد ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 1992 میں بطور ایڈووکیٹ ماتحت عدالتوں سے اپنے کیئریر کا آغاز کیا۔

1994 میں بطور ہائیکورٹ ایڈووکیٹ اور 2008 میں سپریم کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ انرولڈ ہوئے۔

2012 میں ہائی سندھ ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ وہ سابق چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد سے قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

جسٹس شفیع صدیقی اب تک 4 ہزار 2 سو 5 کیسز کے فیصلے سنا چکے ہیں۔ ان میں ایک ہزار سے زائد کیسز مختلف لا جنرلز میں شائع ہو چکے ہیں۔ جسٹس شفیع صدیقی نے جن کیسز کے فیصلے سنائے ان میں آئینی، ٹیکسیشن،کسٹمز اور ہائیکورٹ اپیلوں کے فیصلے شامل ہیں۔

مزیدخبریں