قومی ادارہ صحت کی کانگو بخار سے متعلق ایڈوائزری جاری

05:36 PM, 13 Jun, 2023

احمد علی
کانگو بخار کی روک تھام کے حوالے سے مناسب اقدامات کے لئے صحت کے متعلقہ اداروں کو جاری کی گئی۔ ایڈوائزری کے مطابق کانگو بخار، ایک خاص قسم کے وائرس سے ہونے والی بیماری ہے،متعدد جانوروں، جیسے بکری، بھیڑ اور خرگوش وغیرہ کے بالوں میں چھپی ہوئی چیچڑیوں میں پایا جاتا ہے۔یہ وائرس انسانوں میں ، یا تو چیچڑی کے کاٹنے سے یا جانور ذبح کرنے کے دوران اور اس کے فوراً بعد متاثرہ جانوروں کے خون یا بافتوں کےذریعے منتقل ہوتا ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ انسانوں میں اس وائرس کی منتقلی متاثرہ چیچڑی یا جانوروں کے خون کے ذریعے ہوتی ہے۔ یہ وائرس متاثرہ شخص سے صحت مندشخص میں بھی منتقل ہو سکتا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق اس سال بلوچستان سے کانگو بخار کے 81 مشتبہ کیسز میں سے 27 پازیٹو کیسز اور 05 اموات سامنے آئی ہیں۔خیبر پختونخواہ سے کانگو بخار کے 03 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر ملک کے تمام صوبوں سے جانوروں کی نقل و حرکت غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے ، اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بے حد ضروری ہے، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ کپڑوں پر موجود چیچڑی کا آسانی سے پتہ چل سکے۔ جانوروں کو ذبح کرتے اور گوشت بناتے وقت دستانوں کا استعمال کریں ، جانوروں کے خون سے خود کو آلودہ ہونے سے بچائیں، جانور ذبح کرنے کے بعد خون اور آلائشوں کو احتیاط سے تلف کریں۔
مزیدخبریں