فرزندان اسلام فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے تیار

10:35 PM, 13 Jun, 2024

(ویب ڈیسک)20 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام فریضہ حج ادا کریں گے مناسک کا آغاز کل سے، حج پرسوں (ہفتہ) کوہو گا۔

تفصیلات کے مطابق 5 روزہ مناسک حج کا آغاز جمعہ سے ہوگا، لاکھوں عازمین منیٰ روانگی کے لئے تیار ہیں، سعودی حکومت نے حج کے موقع پر منیٰ، عرفات اور دیگر مقامات پر سکیورٹی کے ایک لاکھ سے زائد اہلکار تعینات کر دیئے ہیں، مناسک حج کی ادائیگی 8 ذوالحجہ ( جمعتہ المبارک) سے شروع ہو گی۔

عازمین حج آج رات اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد لبیک اللھم لبیک کے ترانہ بندگی کی صداﺅں کی گونج میں کل مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچیں گے، عازمین حج منیٰ پہنچنے پر پورا دن ایمان افروز اور روح پرور ماحول میں ذکر اذکار اور عبادات میں مصروف رہیں گے، ظہر، عصر، مغرب اور عشاءکی نماز وہیں ادا کریں گے منیٰ میں رات قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حج کے سب سے بڑے رکن وقوف عرفہ کے لئے روانہ ہوں گے۔

 9 ذوالجحہ ( ہفتہ) کو وقوف عرفہ کا اہم ترین رکن حج ادا کرنے کے بعد سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ کے لئے روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ کھلے آسمان تلے صبح تک قیام کریں گے، وہاں سے کنکریاں لے کر رمی کے لئے منیٰ جمرات آ جائیں گے، شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

 اس سال دنیا بھر سے 20 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام حج کی سعادت حاصل کریں گے، اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 260 حجاج کرام فریضہ حج ادا کریں گے۔

مزیدخبریں