سعودی عرب:پہلی بار ایک دن میں 81 افراد کا سر قلم
06:10 AM, 13 Mar, 2022
ریاض: سعودی عرب میں انتہا پسندگروہوں سے تعلق رکھنے والے 81 مجرمان کو سزائے موت دے دی گئی۔ سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ 81 مجرمان کو سزائے موت دی گئی ہے جو کہ داعش اور القاعدہ سمیت غیرملکی ایجنسیوں اور حوثی ملیشیا سے تعلق رکھتے ہیں ، سزائے موت پانے والے مجرمان میں سعودی اور یمنی شہری شامل ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مقامی عدالتوں نےٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر مجرمان کو سزائے موت سنائی ہے.ان کا کہنا تھا کہ سزائے موت کے فیصلوں پر اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ سے منظوری کے بعد عمل درآمد کے لیے شاہی حکم جاری کیا گیا تھا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مجرموں نےقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا قتل کیا، حکومتی اداروں، عبادت گاہوں اورعوامی مقامات کو نشانہ بنایا۔جبکہ بعض نے بارودی سرنگوں کی تنصیب، پرتشدد کارروائیاں کے علاوہ ریاستی اداروں کو بھی نقصان پہنچایا۔ واضح رہے کہ ایک ہی دن میں 81 افراد کی سزائے موت پر عمل درآمد کا یہ پہلا واقعہ ہے۔