بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے، ملتان کور کامیاب
06:48 AM, 13 Mar, 2022
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق ملتان کور نے مقابلہ جیت لیا ،راولپنڈی کور نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیشنل کاؤنٹرٹیررازم سینٹ پبی میں پاک آرمی کے انٹرنیشنل ٹیم اسپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب ہوئی،مقابلوں میں پاکستان آرمی کی 8ٹیموں نے حصہ لیا، اردن، مراکش، نیپال، ترکی، ازبکستان، کینیا، سعودی عرب اور سری لنکاکی ٹیموں نےبھی حصہ لیا۔مہمان خصوصی نے مقابلے کے شرکاء میں انعامات اور میڈلز تقسیم کئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملتان کور نے مقابلہ جیت لیا ،راولپنڈی کور نے دوسری پوزیشن حاصل کی، بین الاقوامی ٹیموں میں سونے کے تمغے نیپال،ترکی اور ازبکستان نے جیتے، چاندی کے تمغے کینیا، مراکش اور سری لنکا نے جیتے جبکہ اردن اور سعودی عرب کی ٹیموں نے کانسی کے تمغے جیتے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اختتامی تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے شرکت کی، پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کارمون بھی تقریب میں شریک تھے، شریک ممالک کے مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقابلے 7 سے 9 مارچ تک 60 گھنٹے پر محیط تھا،مقابلے میں انتہائی مشکل ماحول میں مختلف ایونٹس شامل تھے۔ٹیموں کا جسمانی برداشت، ذہنی چستی اور حکمت عملی کی مہارت کے لئے جائزہ لیا گیا۔