ایف آئی اے نے فواد چوہدری کو 17 مارچ کو طلب کرلیا
03:00 PM, 13 Mar, 2023
اسلام آباد: ایف آئی اے نے پی ٹی آئی راہنما فوادچوہدری کو 17 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔ ایف آئی اے نے فواد چوہدری کواسلام آباد کے رہائشی راجہ محمد ہارون کی شکایت پر نوٹس جاری کردیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، اسلام آباد کے سب انسپیکٹر محمد منیب ظفرکے دستخطوں سے نوٹس جاری کیاگیا ہے۔ شکایت کےمتن کے مطابق فواد چوہدری نے مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائدکیا، فواد چوہدری نے 12مارچ کو شب نوبجکر بیالیس منٹ پر اشتعال انگیز اور جھوٹا ٹویٹ جاری کیا، ٹویٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، ٹویٹ کے ذریعے مریم نواز کے خلاف عوام کو بڑھکایا گیا، توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری ہوچکا ہے، اس میں مریم نواز کے گھڑی لینے کا کوئی ذکر نہیں، دھمکی آمیز اور قانون کے منافی ٹویٹ کرنے پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پر دھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا، اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پر معطل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ان معاملات پر خاموشی تباہ کن ہے، چیف جسٹس صاحب معاملات پر خاموشی آئین کو معطل کرنے کی منظوری ہو گی۔