خاتون جج دھمکی کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

03:11 PM, 13 Mar, 2023

احمد علی
اسلام آباد: خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج رانا مجاہد رحیم نے کیس کی سماعت کی۔ سیشن عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 29 مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سیشن عدالت نے سابق وزیرا عظم عمران خان کی حاضری سے استشنی کی درخواست مسترد کردی۔ آج دوران سماعت سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں عمران خان کے وکیل پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔معزز جج نے کہا کہ اگر عمران خان آج عدالتی اوقات میں نہ آئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا۔ خیال رہے کہ عمران خان کو کیس کی کاپیاں دینے کے لیے عدالت نے آج طلب کر رکھا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔
مزیدخبریں