پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز:قومی اسکواڈ کا اعلان،شاداب خان کپتان مقرر

04:13 PM, 13 Mar, 2023

احمد علی
لاہور: پی سی بی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ تمام سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں اس پر سب کو اتفاق ہے، ہمیں اب ورلڈکپ کا سوچنا ہے، ابھی سے اسسمنٹ کریں گے تو ابھی سے یہ کام کرنا پڑے گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ سوچا ہے اب تمام ینگ کھلاڑیوں کو موقع دیں گے اور سینئرز کھلاڑیوں کو آرام دیں گے، اس حوالے سے تمام ٹاپ کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا ہے، بابراعظم، رضوان، شاہین، حارث رؤف اور فخر سے بات کرلی ہے انہیں آرام دیں گے، اس پر سارے خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر ہمارا بہترین کپتان ہے، وہ ٹیم کےکپتان برقرار ہیں، جس دن وہ کہیں گے اس پر ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، ہمارے سینئر زکھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کررہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ افغانستان سے سیریز کیلئے قومی اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، اعظم خان،عبداللہ شفیق،فہیم اشرف، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز،وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شان مسعود، عماد وسیم شامل ہیں ۔ٹیم میں احسان اللہ، صائم ایوب،طیب طاہر اور زمان خان ڈیبیو کر رہے ہیں ۔جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر شامل ہیں۔
مزیدخبریں