پلرا نے 4 انٹیلیجنس افسران کے غیر تسلی بخش کارکردگی پر کنٹریکٹ منسوخ کردیے
05:39 PM, 13 Mar, 2023
لاہور: پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے 4 انٹیلی جنس افسران کے غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر کنٹریکٹ منسوخ کر دیے گئے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے 2022 میں بھرتی ہونے والے چار انٹیلی جنس افسران چنگیز اختر، محمد عمران، محمد اسلم شہزاد، شکیل احمدجو کہ گجرات، گوجرانوالہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں خدمات سرانجام دے رہے اور پروبیشن پر تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے افسران کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے کے بنا پر ہیڈ انٹیلی جنس ونگ کی جانب سے کنٹریکٹ ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ ہیڈ انٹیلی جنس کی رپورٹ پر چار انٹیلی جنس افسران کا کنٹریکٹ ختم کرتے ہوئے نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ جبکہ اچھی کارکردگی کے حامل انٹیلی جنس ونگ کے افسران معمول کے مطابق اپنے محکمانہ امور سر انجام دیتے رہیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر کا کہنا ہے کہ فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام الناس کو خدمات کی شفاف اور بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے تمام عملہ کو دلجمعی سے کام کرنے، نظم و ضبط اپنانے اور پیشہ ورانہ رویہ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پلرا بطور ادارہ مستحکم ہو سکے۔