اپنی ہمشکل گڑیا ملنے پر ملکہ برطانیہ خوشی سے نہال

11:00 AM, 13 Mar, 2024

ویب ڈیسک: برطانیہ کی ملکہ شبیہہ والی باربی ڈول متعارف کروادی گئی ہے۔ کمیلا پارکر نے گڑیا پاکر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے تو آپ 50 سال پیچھے لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق “ آپ مجھے میری عمر سے پچاس سال پیچھے لے گئے ہیں۔ ہم سب کے پاس ایک باربی ہونی چاہیےـ" برطانیہ کی ملکہ کمیلا نےیہ الفاظ مزاحاً اس وقت ادا کیے جب انہیں ان کی ہمشکل اور ہم لباس باربی گڑیا کے ایک ماڈل کا تحفہ پیش کیا گیا۔

چھہتر سالہ کمیلا کو، یہ تحفہ ویمن آف دی ورلڈ فاؤنڈیشن، ڈبلیو او ڈبلیو کی صدر کی حیثیت سے ان کی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا تھا۔

اس تقریب میں کمیلا اور باربی ایک جیسے نیلے رنگ کےلباس میں ملبوس تھیں۔

انہیں یہ تحفہ ڈبلیو ڈبلیو گرلز فیسٹیول بس میں پیش کیا گیاجس نے صنفی مساوات کے فروغ کے لیے ملک بھر کا دورہ کیا تھا اور شاہی خاندان کی مرکزی لندن کی رہائش گاہ،بکنگھم پیلیس کو اپنی آخری منزل بنایا تھا۔

ان کے ساتھ اس موقع پر بیلجیئم کی ملکہ اور گزشتہ سال بلاک بسٹر فلم باربی کی اداکارہ ہیلن میرن بھی تھیں۔

ہیلن میرن نے 2007 میں فلم کوئین میں آنجہانی ملکہ ایلزبتھ دوم کا کردار ادا کیا تھا اور بہترین ایکٹریس کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

نو مارچ 1959 کو پہلی بار منظر ِعام پر آنے والی گڑیا’ باربی ‘ کی لانچ کی کہانی بھی کسی فلم سے کم نہیں ہے۔ اس کی خالق اور کھلونے بنانے والی کمپنی 'مٹیل' کی شریک بانی رتھ ہینڈلر کو اس کا آئیڈیا اس وقت آیا تھا جب انہوں نے اپنی بیٹی کو کاغذ کی گڑیا سے کھیلتے دیکھا۔

انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ اس کاغذ کی گڑیا کے بجائے پلاسٹک کی گڑیا ہو جو خودمختار ہونے کے ساتھ ساتھ دیکھنے میں بھی بڑی نظر آئے۔

رتھ ہینڈلر نے جب یہ آئیڈیا اپنے شوہر ایلیٹ کو بتایا جو اس وقت مٹیل کے شریک بانی تھے، تو انہوں نے اور ان کی کمپنی کے ڈائریکٹرز نے اسے رد کردیا۔

بعد ازاں رتھ نے جرمنی میں مقبولیت حاصل کرنے والی ڈول 'بلڈ للی' سے متاثر ہوکر ایک گڑیا ڈیزائن کی جسے انہوں نے باربی کا نام دیا۔

اس باربی نے سن 1959 میں ہونے والے امریکی انٹرنیشنل ٹوائے فئیر میں ڈیبیو کرکے تہلکہ مچا دیا۔اس وقت سے لے کر اب تک باربی کو دنیا کی مقبول ترین گڑیا کے طور پر جانا جاتا ہے۔

مزیدخبریں