آئرلینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ برس اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گی، چیئرمین کرکٹ آئرلینڈ

11:52 AM, 13 May, 2024

محمد شکیل خان

ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ڈبلن میں کرکٹ آئرلینڈ کے چئیرمین برائن میک نیس (Brian Mac Neice) سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ چئیرمین کرکٹ آئرلینڈ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بھرپور خیرمقدم کیا اور آئرلینڈ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین کرکٹ آئرلینڈ نے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کو آئرلینڈ ٹیم کی شرٹ اور کیپ کا سووینئر پیش کیا۔ ویمنز کرکٹ ٹیموں کی سیریز پر بات چیت کی گئی۔ دونوں بورڈز میں ویمنز ٹیموں کے درمیان بھی سیریز کرانے پر اتفاق رائے پایا گیا۔ 

چیئرمین کرکٹ آئرلینڈ کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم اگلے برس اگست، ستمبر میں پاکستان آئے گی۔ ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا بھی جلد جائزہ لیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے لئے بہترین سیکیورٹی فراہم کی ہے۔ 

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے دورہ آئرلینڈ کے لئے بہترین انتظامات پر چئیرمین کرکٹ آئرلینڈ کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کے لئے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ آئرلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو بہت سپورٹ ملی اور

 پیار ملا۔ 

چیف ایگزیکٹو آفیسر کرکٹ آئرلینڈ وارن ڈیوٹروم (Warren Deutrom) اور کرکٹ آئرلینڈ کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں