پبلک نیوز:(سلیمان اعوان)پی ٹی آئی کے رہنما پرویز الہی نے کہا ہے کہ مذاکرات ہی موجودہ سیاسی بحران سےنکلنے کا واحد راستہ ہیں اور صرف بااختیار مقتدرحلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی کفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی ذات کیلئے نہیں، ملک و قوم کیلئےمذاکرات پررضامند ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدرعارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کامثبت جواب دیناچاہیے، موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کے ساتھ خیرخواہی نہیں ہو گی،ن لیگ، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کررہی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ن لیگ جانتی ہے ، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ مذاکرات کے نتیجہ میں اسے پنجاب میں پی ٹی آئی کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا،ن لیگ کو پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ مذاکرات میں اپنی سیاسی موت نظر آتی ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ناجائز حکومت غیر قانونی سیٹوں اور اکثریت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ پاک فوج سمیت آئینی اداروں کے خلاف سب سے زیادہ زہر اگلنے والی جماعت ن لیگ ہے،ن لیگی رہنما جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے اداروں اور پی ٹی آئی میں تصادم سے باز رہیں،ہر بات میں زیرو ٹالرنس کے دعویداروں کی زیرو پرفارمنس سب کے سامنے ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی متحد ہے۔