آزاد کشمیر کی عوام کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری

04:03 PM, 13 May, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر خصوصی اجلاس کا انعقاد آج اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، آزاد کشمیر حکومت کے وزرا اور اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے زعما نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں حالیہ صورتحال کا مفصل جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی عوام کے مسائل کے حل کے لیے فوری طور پر فنڈز فراہمی کی منظوری دی، جس پر کشمیری قیادت اور جملہ شرکا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال 4 روز سے جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے مظفر آباد کی جانب بڑھتے قافلوں اور مظاہرین کو پولیس نے روکنے کی ہرممکن کوشش کی جس کی مظاہرین نے بھرپور مزاحمت کی۔

اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان لڑائی ہوئی اور کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ میرپور کے علاقے اسلام گڑھ میں مظاہرین کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید ہوئے۔

احتجاج سے قبل پونچھ ڈویژن کے صدر مقام راولاکوٹ میں ایکشن کمیٹی رہنماؤں اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکراتی عمل جاری تھا جو نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ 

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار عمر نذیر کشمیری نے مذاکرات کی ناکامی کے بعد اعلان کیا کہ حکومت ایکشن کمیٹی کا ایک مطالبہ بھی ماننے کے لیے تیار نہیں اور ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے، اس لیے ہم مارچ کو آگے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔ ان کے اس اعلان کے بعد ریاست کے مختلف حصوں میں موجود احتجاجی قافلوں نے مظفرآباد کی جانب پیش قدمی کا آغاز کیا تھا۔

مزیدخبریں