پرویزالٰہی کی منتقلی، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

04:13 PM, 13 May, 2024

ویب ڈیسک: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کی منتقلی پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الہٰی کی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقلی کے معاملے پر سیکریٹری داخلہ اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرکے گھر میں نظر بند رکھنے کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سیکٹری داخلہ خرم آغا اور سپریٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

 بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس میں رکھا گیا ہے، سابق وزیراعلی پنجاب کو اینٹی کرپشن کیسز میں عدالت میں پیشی کے لئے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔

مرکزی صدر تحریک انصاف کی اہلیہ بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا ہے کہ سیکرٹری داخلہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا، وزارت داخلہ نے چوہدری پرویزالٰہی کو اسلام آباد کی حدود سے نکال کر لاہور کوٹ لکھپت جیل میں شفٹ کر دیا، وزارت داخلہ کا یہ اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی صریحاً خلاف وزری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق فوری عمل یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ہاؤس اریسٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں