ویب ڈیسک: آئی ایم ایف سے مذاکرات کے مثبت اثرات کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 1000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ سٹاک مارکیٹ تاریخ میں پہلی بار 74 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی۔
سٹاک مارکیٹ میں اضافے کے بعد 100 انڈیکس 74 ہزار 114 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 73 ہزار سے زائد پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہونے کی وجہ:
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ جمعے کو بھی ایسا ہی تیزی کا رجحان ریکارڈ کی گیا تھا جب انڈیکس نے پہلی بار 73000 پوائنٹس کی سطح کو عبور کیا تھا۔ سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ کئی روز سے تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جس کی وجہ پاکستان کے معاشی اشاریوں میں ہونے والی بہتری ہے۔
گزشتہ مہینے کے آخر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کی گئی تھی جس کے بعد سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جس کی وجہ سے پاکستانی سٹاک مارکٹ میں مثبت رجحان پیدا ہوا۔
دوسری جانب پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی کے بعد ملک میں شرح سود میں کمی کا امکان ہے جو اس وقت 22 فیصد ہے۔ شرح سود میں کمی کی توقعات نے بھی سٹاک مارکیٹ میں خریداری کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔
عارف حبیب سیکورٹیز میں ہیڈ آف ریسرچ طاہر عباس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سٹاک مارکیٹ میں موجودہ تیزی کی سب سے بڑی وجہ تو ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی کے بعد شرح سود میں کمی کا امکان ہے جو آنے والے دنوں میں دو فیصد تک گر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 13.50 فیصد تک گرنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ آئی ایم ایف کا ایک مشن پاکستان پہنچ چکا ہے جو پاکستان کے لیے ایک بڑے قرضے کے پروگرام کے لیے مذاکرات کرے گا جس کا سٹاک مارکیٹ نے خیر مقدم کیا۔
طاہر عباسی نے بتایا کہ معاشی اشاریوں میں بھی بہتری آئی ہے جیسے کہ ترسیلاتِ زر میں بہتری نظر آئی ہے۔ انھوں نے کہا اگر بیرونی ادائیگیوں کا توازن آئندہ دنوں میں مستحکم رہتا ہے تو امکان ہے کہ مارکیٹ میں مزید خریداری ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سٹاک مارکیٹ مقامی کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ تیزی نظر آرہی ہے۔