بلوچستان کےترقیاتی منصوبوں میں سست روی،وزیراعظم برہم

08:09 AM, 13 Nov, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت جنوبی بلوچستان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی پیکج پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے منصوبوں کی سست روی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں قائم ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے بلوچستان پیکج کے تحت 655 ارب روپے کے 200 ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر پندرہ دن بعد ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تربت ایئرپورٹ اور نرسنگ کالجز جلد از جلد تعمیر کیے جائیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ماہ جائزہ کمیٹی کی صدارت کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل دیگر حصوں سے مختلف ہیں، صوبے کی آبادی بکھری ہوئی ہے۔ طویل فاصلوں کے باعث بلوچستان کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے غیر روایتی حل تلاش کرنا ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس کے علاوہ پیکج کے تحت ٹرانسپورٹ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر مل کر کام کرکے انھیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔
مزیدخبریں