شہریار منور نے احتراماً نواز الدین صدیقی کے پاؤں چھو لئے
09:40 AM, 13 Nov, 2021
کراچی: (ویب ڈیسک) اداکار شہریار منور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی کے پاؤں احتراماً چھوئے تھے۔ میرے اس خلوص کو غلط رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے۔ خیال رہے کہ شہریار منور کی حال ہی میں بالی وڈ ایکٹریس دپیکا پاڈوکون اور نواز الدین صدیقی کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس کو سوشل میڈیا صارفین غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم پاکستانی اداکار نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خود اس کی وضاحت کر دی ہے۔ پاکستانی اداکار شہریار منور کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو بالی وڈ اداکارہ دپیکا پاڈوکون کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنے جا رہے ہیں اور نہ ہی وہ نواز الدین صدیقی کے پاؤں پڑے تھے۔ اسے غلط رنگ نہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک سندھی ہوں اس لئے ہماری روایات ہے جب کوئی بڑا ہمارے سامنے آتا ہے تو ہم لوگ احتراماً اس کے پاؤں چھوتے ہیں۔ میں نے بھی اپنی روایات پر عمل کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی کے پاؤں چھوئے تھے۔ انہوں نے ایک میگزین سے گفتگو میں اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ ایوارڈز تقریب کے دوران ان کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں غلط رنگ دینے کی کوشش کرتے ہوئے وائرل کیا گیا۔ شہریار منور نے کہا کہ میری دپیکا پاڈوکون کیساتھ ملاقات حادثاتی طور پر ہوئی تھی، وہ اپنے دوستوں سے ملنے گئے تھے اور وہیں ان کی بالی ووڈ ایکٹریس کیساتھ ملاقات ہوئی، ہم بطور اداکار نہیں بلکہ ایک انسان کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ ملے تھے۔