مکھیوں کا حملہ، 2افراد موٹرسائیکل سمیت نہر میں ڈوب گئے
10:30 AM, 13 Nov, 2021
ٹنڈوآدم ( پبلک نیوز) موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نہر میں گر گئے۔ ڈوبنے والوں میں سے ایک شخص الیاس تھہیم کو نہر سے زندہ نکال لیا گیا جبکہ صالح تھہیم کو ابھی تک نہیں نکالا جاسکا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے شخص صالح تھہیم کے زندہ بچنے کی امید ختم ہوتی نظر آرہی ہے۔ نہر کو کونب داڑو ریگولیٹر سے بند کردیا گیا۔ ڈوبنے والے شخص کو تلاش کرنے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ نہر کے قریب موجود ہیں۔ نہر میں ڈوبنے والے دونوں افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے جب ان پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق شہد کی مکھیوں کے حملہ کے باعث دونوں افراد موٹرسائیکل سمیت نہر میں کود گئے۔ ٹنڈوآدم پاکستان کے صوبہ سندھ کا ایک شہر ہے جو ضلع سانگھڑ میں واقع ہے، یہ تحصیل ٹنڈوآدم کا صدر مقام بھی ہے۔ اس شہر کی مقامی آبادی میں اردو، سندھی، پنجابی، ودیگر زبانیں بولنے والوں کی ایک بڑی تعداد ہے، اس کے علاوہ قیامِ پاکستان کے بعد ہجرت کرنے والے اردو بولنے والی بھی بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ شہر کے دیہی علاقوں میں آباد پنجابی اور سرائیکی زبان بھی بولی جاتی ہے۔ ہندوؤں کی نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے کولھی اور بھیل بھی مختلف تحصیل ٹنڈوآدم میں آباد ہیں۔ شہر میں چار ہائی سکول اور ایک کالج ہے جہاں پر ماسٹر کے درجے تک تعلیم دی جاتی ہے یہاں ایک ریلوے جنکشن بھی ہے جو مرکزی ریلوے ٹریک پر واقع ہے۔ یہ شہر قیامِ پاکستان سے قبل ہی ایک کاروباری اور علم پرور شہر رہا ہے۔ یہاں کا شاہی بازار ہمہ وقت شہری اور اطراف کے دیہاتوں کے خریداروں کی آماج گاہ بنا رہتا ہے۔