سہیل اصغر کے کیریئر پر ایک نظر

12:04 PM, 13 Nov, 2021

شازیہ بشیر
سینئر اداکار سہیل اصغر نے اپنے کیریئر کا آغاز لاہور سے کیا، ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں چاند گرہن، دکھ سکھ، خدا کی بستی، لاگ، کاجل گھر، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔ سہیل اصغر نے 2003 میں بڑی سکرین پر فلم مراد میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلم ماہ نور میں بھی کام کیا۔ سہیل اصغر نے ٹی وی ڈراموں میں کئی ایک لازوال کردار کئے۔ سہیل اصغر کے انتقال کے اداکاروں اور سیاسی شخصیلات نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ادا کار سہیل احمد نے کہا کہ سہیل اصغر کے انتقال سے انڈسٹری کا بڑا نقصان ہواہے، وہ بہترین مزاج کے مالک تھے، انہوں نے ڈراموں میں بہترین اداکاری کی ۔ معروف اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ سہیل اصغر بہترین اداکار تھے۔ ان کے انتقال پر افسوس ہوا، حکومت سے اپیل ہے اداکارو ں کے لیے کوئی اقدام کرے۔ اداکار توقیر ناصر نے کہا کہ سہیل اصغر کے انتقال پر افسوس ہوا، وہ بہترین شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے جونیئر اداکاروں کے ساتھ شفقت کارویہ اپنایا۔ اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ سہیل اصغر بہترین انسان تھے ان کے انتقال پر دکھ ہوا۔ دوسری جانب سیاسی شخصیات نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سہیل اصغرکے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔ سہیل اصغر منفرد لہجے کے ایک انتہائی بہترین فنکارتھے۔ سہیل اصغر نے ٹی وی ڈراموں میں کئی ایک لازوال کردار کئے۔ خواہش اور چاند گرہن میں انکی پرفارمنس آج بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہے, اللہ تعالی سہیل اصغر کو غریق رحمت کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے معروف اداکار سہیل اصغر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا کہ مرحوم سہیل اصغر نے مزاح، اسٹیج اور ٹی وی اداکار کے طور پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ سہیل اصغر کا انتقال شوبز انڈسٹری کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ سہیل اصغر ایک باکمال اداکار تھے جنہوں نے ریڈیو، ڈرامے اور فلم کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ اداکار سہیل اصغر کی رحلت کی خبر سن کر نہایت افسوس ہوا۔ وہ ہماری شوبز انڈسٹری کا ایک بہت بڑا اثاثہ تھے۔اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ معروف سینئر اداکار سہیل اصغر آج 13 نومبر 2021 کو انتقال کرگئے ہیں.اہل خانہ نے بتایا ہے کہ اداکار سہیل اصغر ڈیڑھ سال سے علیل تھے ، ان کا ڈیڑھ سال قبل بڑی آنت کا آپریشن ہوا تھا اور وہ ایک ہفتے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے.
مزیدخبریں