ویب ڈیسک: اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس کے بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے اور زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 220 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں نوشہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور ہزارہ کے اضلاع بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اٹک، مہمند، لنڈی کوتل، صوابی، تیراہ، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، خیبر، سوات، دیرلوئر، چارسدہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔