عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دیدی

01:49 PM, 13 Nov, 2024

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے میڈیا گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کارکنوں اور تمام پاکستانیوں کو 24 نومبر کو احتجاج کی کال دیدی ہے۔

‏تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں بیرسٹر علی ظفر، خالد یوسف چودھری اور فیصل فرید چودھری کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ آج میں احتجاج کی فائنل کال دے رہا ہوں، یہ امتحان کا وقت ہے پارٹی اور لیڈر شپ کیلئے، وکلا اور سول سوسائٹی، کسانوں اور اوورسیز کو اب اپنے حق کیلئے نکلنا ہوگا۔ 

چھبیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے 10 سال کیلئے غیر اعلانیہ مارشل لاء قائم کردیا گیا ہے۔ ملک میں بوگس پارلیمنٹ، بوگس وزیراعظم، بوگس صدر اور بوگس جمہوریت ہے۔ ملک میں اس وقت جنرل مشرف سے زیادہ خوفناک ڈکٹیٹر شپ قائم ہے، قانون کی بالادستی جمہوریت آزادی اور ملک کے مستقبل کو ختم کر دیا گیا ہے۔ 

سارے پاکستانیوں کو کہہ رہا ہوں کہ 24 نومبر کو احتجاج کے لیے نکلیں، 24 نومبر کو ہم اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ ہمارے احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا۔ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک مطالبات تسلیم نہیں کر لیے جاتے۔ 

ہمارے تین مطالبات ہیں۔ 

1. چھبیسویں آئینی ترمیم کو واپس لیا جائے۔ 

2. ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ 

3. بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔ 

اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہمارا احتجاج ختم نہیں ہوگا۔ مجھے اطلاعات ملی ہیں ہمارے 3 لوگوں نے ملٹری کسٹڈی میں خودکشی کی کوشش کی ہے۔ ہمارا آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ ملک میں تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ الیکشن ہوا ہے۔  

24 نومبر کے احتجاج کو پی ٹی آئی کی لیڈرشپ لیڈ کرے گی۔  میں نے پارٹی کو ہدایت کردی ہے۔ احتجاج کس طرح کرنا ہے۔ سارا پلان دے دیا گیا ہے۔ علی امین گنڈاپور بھی قافلے کے ساتھ اسلام آباد آئیں گے۔ 

میں نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ احتجاج ختم کرنے کا اختیار اس کمیٹی کے پاس ہوگا، مذاکرات جب کرنے ہونگے جس سے بھی کرنے ہونگے ہینڈلرز جس کسی کو آگے کریں گے۔ ہماری کمیٹی ان سے مذاکرات کر لے گی۔ 

جو کمیٹی میں نے بنائی ہے ان کے نام نہیں بتاؤں گا۔ کمیٹی کے نام اس لیے نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں سے بھی کہتا ہوں کہ وہ پوری دنیا میں 24 نومبر کو احتجاج کریں۔

مزیدخبریں