بلوچستان : سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،انتہائی مطلوب دہشتگرد 4 ساتھیوں سمیت ہلاک

09:20 PM, 13 Nov, 2024

(ویب ڈیسک ) بلوچستان  میں   سیکیورٹی فورسز  کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن  میں  انتہائی مطلوب دہشتگرد 4 ساتھیوں سمیت ہلاک مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق     بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز  نے  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ   سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 نومبر کی درمیانی رات دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی،  آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو 4 ساتھیوں سمیت مارا گیا،  ہلاک ہونے والا دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو دہشت گردوں کا ریکروٹمنٹ ایجنٹ تھا ۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  ہلاک ہونے والا دہشت گرد ثنا  عرف بارو  نام نہاد مجید بریگیڈ کے لیے ضلع کیچ میں خود کش حملہ آوروں کی بھرتی کرتا تھا ، ثنا عرف بارو دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور  گولیاں برآمد  کی گئی ہیں ،علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

  ترجمان پاک فوج نے کہا کہ  پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کی دشمن قوتوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر آصف زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

صدر آصف زرداری نےضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا ہے۔

صدر مملکت  نے آپریشن میں  ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 4 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف بھی کی۔

صدرآصف زرداری نے کہا کہ  دہشت گردوں کو بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، پوری قوم بلوچستان کے امن و استحکام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے۔

صدر مملکت نے  دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

وزیراعظم  شہباز شریف نے بلوچستان کےضلع کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔سیکیورٹی آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت متعدد دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے  کہا کہ  امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو انتہائی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی، دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو اس طرح خاک میں ملاتے رہیں گے،ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے کیچ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے  4  دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ۔

محسن نقوی نے کہا کہ  4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔سیکیورٹی  فورسز نے بروقت کارروائی کرکے  دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔  قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ   دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔ 

مزیدخبریں