طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات مسلسل اضافہ

05:30 PM, 13 Oct, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے۔ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں ڈالر نقصان کا سامنا ہوگیا ہے۔ لاہور ایئرپورٹ پر پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے متعلق پی آئی اے نے رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق جنوری سے ستمبر تک 9 ماہ میں طیاروں سے 60 پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 9 ماہ کے دوران 21طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات ہوئے۔ اسلام آباد میں13، کراچی میں8، ملتان میں 1، سکھر میں4، کوئٹہ میں1،پشاور 6، گلگت میں3واقعہ رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث قومی ایئرلائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوتا ہے۔
مزیدخبریں