عمر سرفراز چیمہ مشیر داخلہ پنجاب مقرر
05:06 PM, 13 Oct, 2022
لاہور: سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کو مشیر وزیر اعلی پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کو مشیر اطلاعات، داخلہ اور جیل خانہ جات تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سابق وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے عمر سرفراز چیمہ صاحب کو وزارت داخلہ دی جائے۔ عمران خان کا حکم سر آنکھوں پر، اس لیے انہوں نے پنجاب کی وزارت داخلہ چھوڑ دی۔اپنے بیان میں ہاشم ڈوگر نے کہا کہ اگر خان حکم دیں گے تو وہ سیاست ہی چھوڑ دیں گے۔ دو روز قبل پی ٹی آئی رہنما ہاشم ڈوگر نے وزیر داخلہ پنجاب کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا،انہوں نے کہا تھا کہ آج میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پہ اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے۔ انشاللہ آگے بھی پی ٹی آی کے ادنی کارکن کے طور پہ کام کرتا رہوں گا۔