پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار

09:43 AM, 13 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا، وزیراعظم کو چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے اجلاس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شرکاء کی آمدورفت کے دوران شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔

ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ ایس سی او میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے، منگولیا کے وزیراعظم اور چیئرمین کابینہ، ترکمانستان کے وزیر خارجہ بھی شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں معیشت، تجارت اور ماحولیات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔

مزیدخبریں